15/03/2026
شہداء بارل کرکٹ کلب کے کھلاڑیوں کی جانب سے ایک پروقار افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں کلب کے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے بہت سے نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
شہداء بارل کرکٹ کلب ایک طویل عرصے سے کھیل کے میدان میں اپنا وقار برقرار رکھے ہوئے ہے اور علاقے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ شہداء بارل کرکٹ کلب پلندری سپر لیگ سیزن 1 کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکا ہےاور اب پلندری میں ایک منفرد نوعیت کی کرکٹ لیگ منعقد کی جا رہی ہے جس میں پورے آزاد کشمیر کے ہر ضلع سے ٹیمیں شرکت کریں گی۔ شہداء بارل کرکٹ کلب بھی ہمیشہ کی طرح اس لیگ میں بارل قلندر کے نام سے شرکت کرے گا۔
اس موقع پر تمام کھلاڑیوں نے نئے جوش و جذبے کے ساتھ اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ اس لیگ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی اپنے نام کریں گے۔
اس حوالے سے جلد ایک گرینڈ میٹنگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے تمام افراد کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کے قیمتی مشوروں اور تعاون سے ٹیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور لیگ میں بہترین انداز میں شرکت کی جا سکے۔