21/04/2026
نویں آل بلوچستان کک باکسنگ چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی سنسنی خیز مقابلے
کوئٹہ 18 اپریل 2026 (رپورٹ مہک شاہد) بلوچستان کک باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے تعاون سے کوئٹہ کے ایوب اسپورٹس کمپلیکس کے مارشل آرٹس جمنازیم میں جاری نویں آل بلوچستان کک باکسنگ چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی مختلف کیٹیگریز میں شاندار اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔ صوبے بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحيتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ دوسرے روز ہونے والے مقابلوں میں مختلف اضلاع کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے ہوئے، 11 ویٹ کیٹیگریز کے کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنل مقابلے کھیلے گئے دن کے اختتام تک کوئٹہ نے اپنی برتری برقرار رکھی جبکہ لورالائی دوسرے اور ژوب تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیر محمد ترین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ایسے ایونٹس منعقد ہونا خوش آئند ہے انہوں نے محکمہ کھیل بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے محکمہ کھیل کا کردار قابلِ ستائش ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دیتے ہیں بلکہ صوبے میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بھی بنتے ہیں، کل کک باکسنگ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے بعد اختتامی تقریب میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔