01/04/2026
ایچ آر یو این پی کراچی کے علاقے میں گِزری تھانے سے منسلک مبینہ پولیس مقابلے میں شایان بلوچ کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ ایک آئینی اور قانونی ریاست میں کسی بھی ادارے کی جانب سے طاقت کا استعمال صرف قانون، شفافیت اور جوابدہی کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ متنازع حالات میں کسی بھی جان کا ضیاع غیر جانبدار اور مکمل تحقیقات کا متقاضی ہوتا ہے۔
ایچ آر یو این پی مطالبہ کرتا ہے کہ قانون کے مطابق فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اور ایک آزاد و شفاف انکوائری قائم کی جائے، جس میں جوڈیشل کمیشن یا جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم شامل ہو۔ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کو عوام کے سامنے لایا جائے اور گِزری تھانے سے وابستہ تمام اہلکاروں کی نشاندہی کی جائے جو اس کارروائی میں شامل تھے۔ قانونی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور بلا امتیاز جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔
قانون کی حکمرانی ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے اور اسے ہر حال میں قائم رہنا چاہیے۔ ایچ آر یو این پی انصاف، شفافیت اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔