23/01/2026
ضلع مہمند: بلدیاتی فنڈز میں مبینہ کرپشن، جنرل کونسلرز کا شدید احتجاج
ضلع مہمند میں چار سالہ بلدیاتی نظام کے دوران اسپورٹس پروگرام، صفائی، دفاتر اور فرنیچر کے فنڈز میں مبینہ کرپشن اور سنگین بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع مہمند کے مختلف ویلج اور نیبرہُڈ کونسلز کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پریس کانفرنس سے تمانزئی وی سی ون کے جنرل کونسلر شاہ حسین ہمدرد، حلیمزئی وی سی ٹو کے جنرل کونسلر جہانگیر خان، حلیمزئی کمالی وی سی ٹو کے جنرل کونسلر ملک عظمت خان، حلیمزئی این سی 5 درباخیل کے کسان ممبر شاہ زعلی، جنرل کونسلر کمشنر خان، پنڈیالی عیسیٰ خیل وی سی ٹو کے یوتھ ممبر توکل خان، بائزئی وی سی فور کے جنرل ممبر عبداللہ، حلیمزئی وی سی ون کے جنرل کونسلر ابراہیم خان، گلاب خان اور عمر سید نے خطاب کیا۔
مقررین نے الزام عائد کیا کہ ہر ویلج کونسل کو اسپورٹس فنڈز کی مد میں 5 لاکھ روپے جاری کیے گئے، تاہم وی سی وائس چیئرمینز کو صرف 2 سے 4 لاکھ روپے دیے گئے جبکہ باقی رقم مبینہ طور پر لوکل گورنمنٹ کے اے ڈی کی کرپشن کی نذر ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صفائی کے نظام کے تحت ہر ویلج کونسل کو 6 لاکھ 15 ہزار روپے جاری کیے گئے تھے تاکہ 200 سی سی لوڈر خریدے جا سکیں، تاہم اے ڈی لوکل گورنمنٹ اور وی سی چیئرمینز کی مبینہ ملی بھگت سے 150 سی سی لوڈرز خریدے گئے جبکہ چیئرمینز کو 30،30 ہزار روپے بطور رشوت دیے گئے۔
جنرل کونسلرز کا کہنا تھا کہ وی سی اور این سی دفاتر کے لیے فرنیچر اور کرایہ کی مد میں کروڑوں روپے جاری کیے گئے مگر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ زیادہ تر علاقوں میں نہ تو ویلج کونسل یا نیبرہُڈ کونسل کے دفاتر موجود ہیں اور نہ ہی فرنیچر دستیاب ہے۔ کئی چیئرمینز نے دفاتر اپنے ذاتی حجروں یا دکانوں میں قائم کر رکھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفاتر کے لیے کمپیوٹرز کی مد میں فی ویلج کونسل دو، دو لاکھ روپے جاری کیے گئے مگر عملی طور پر کسی دفتر میں کمپیوٹر موجود نہیں۔ اسی طرح ویلج سیکرٹریز نے دفاتر غلط مقامات پر قائم کیے ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقررین نے انکشاف کیا کہ چار سال کے دوران نہ تو ویلج کونسلز اور نہ ہی نیبرہُڈ کونسلز کا ایک بھی اجلاس منعقد ہوا، جبکہ جنرل کونسلرز کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے اور کسی سرگرمی میں شامل نہیں کیا جاتا۔
آخر میں جنرل کونسلرز نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی اور صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی سے مطالبہ کیا کہ ضلع مہمند میں اسپورٹس پروگرام اور صفائی مہم کے فنڈز میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کرائی جائے۔